کوئٹہ ( پریس ریلیز)
بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے پارٹی کے سابق سیکرٹری جنرل، عظیم قومی رہنما اور شہید گل زمین حبیب جالب بلوچ کی برسی کے موقع پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید حبیب جالب بلوچ کی پوری زندگی اصولی سیاست، جمہوری اقدار، بلوچ قومی حقوق اور بلوچستان کے عوام کی بے لوث خدمت سے عبارت تھی۔ انہوں نے اپنی سیاسی جدوجہد کے ذریعے مظلوم عوام کی آواز کو ہر فورم پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا اور حق و انصاف کی سربلندی کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے تاریخ میں ہمیشہ کے لیے امر ہوگئے۔
مرکزی ترجمان نے کہا کہ شہید حبیب جالب بلوچ بلوچستان کی قومی سیاست کا ایک درخشاں باب تھے، جنہوں نے اپنی سیاسی بصیرت، فکری پختگی اور غیر متزلزل کردار کے ذریعے نہ صرف بلوچستان نیشنل پارٹی بلکہ پورے بلوچستان کے سیاسی کارکنوں کے لیے ایک روشن مثال قائم کی۔ ان کی جدوجہد ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ اصولوں پر قائم رہنے والے افراد جسمانی طور پر جدا ہو سکتے ہیں، مگر ان کے افکار اور نظریات ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی بلوچستان کے عوام جن سیاسی، معاشی اور آئینی مسائل سے دوچار ہیں، ان کا حل جمہوریت، آئین کی بالادستی، وسائل پربلوچ حقِ ملکیت، لاپتہ افراد کے مسئلے کے منصفانہ حل، انسانی حقوق کے احترام اور وفاقی اکائیوں کے درمیان مساوی حقوق کے اصولوں پر عمل درآمد میں مضمر ہے۔ شہید حبیب جالب بلوچ نے ہمیشہ انہی بنیادی نکات کو اپنی سیاسی جدوجہد کا محور بنایا اور آخری سانس تک بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لیے ثابت قدم رہے۔
مرکزی ترجمان نے مزید کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی اپنے عظیم رہنما کے مشن سے مکمل وابستگی کا اعادہ کرتی ہے اور اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ شہید حبیب جالب بلوچ کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے جمہوری، آئینی اور سیاسی جدوجہد ہر حال میں جاری رکھی جائے گی۔ پارٹی کارکنان اور نوجوان نسل شہید رہنما کی قربانیوں، کردار اور نظریات کو اپنی جدوجہد کا سرمایہ سمجھتے ہیں اور ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے بلوچستان کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔
مرکزی ترجمان نے کہا کہ شہید حبیب جالب بلوچ کی قربانی بلوچستان کی سیاسی تاریخ کا ایسا روشن مینار ہے جو آنے والی نسلوں کو ہمیشہ حق، سچ، استقامت اور بلوچ قومی وقار کی جدوجہد کا راستہ دکھاتا رہے گا۔ ہم اپنے عظیم رہنما کو ان کی برسی کے موقع پر بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ان کے نظریات، سیاسی فکر اور جمہوری جدوجہد کو ہر قیمت پر زندہ رکھا جائے گا۔
