آواران ( نامہ نگار ) زیارت دان، آواران میں واقع Sunrise English Language Academy میں رات کے وقت نامعلوم افراد کی جانب سے توڑ پھوڑ اور چوری کا واقعہ پیش آیا۔ اکیڈمی انتظامیہ کے مطابق 7 جولائی 2026 کو نامعلوم افراد اکیڈمی میں داخل ہوئے، الماری کا تالا توڑ کر اہم ریکارڈ، رجسٹر اور طلبہ کی فہرستیں پھاڑ دیں، جبکہ کچھ کتابیں، نوٹ بکس اور مارکر بھی ساتھ لے گئے۔
اکیڈمی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس واقعے میں کون ملوث ہے، تاہم اس سے تعلیمی سرگرمیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
انتظامیہ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی ایک فرد نہیں بلکہ پورے معاشرے کی امانت ہے، اور تعلیمی اداروں کو نقصان پہنچانا دراصل معاشرے کے مستقبل کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کتابیں چرائی جا سکتی ہیں، مگر علم کی روشنی کبھی ختم نہیں کی جا سکتی۔
مقامی شہریوں اور سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
