کراچی ( نامہ نگار ) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور ایک وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت مجاہد بلوچ اور فرید بلوچ عرف ذاکرین کے نام سے ہوئی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں افراد مبینہ طور پر کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے وابستہ ہیں۔
ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کراچی میں حساس تنصیبات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی مبینہ منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ دونوں افراد نے مبینہ طور پر تنظیم کے کیمپوں میں تربیت حاصل کی تھی اور تنظیم کے مبینہ کمانڈروں کی ہدایات پر کراچی میں موجود تھے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے تقریباً چار کلو گرام بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، پرائما کارڈ اور بال بیرنگ برآمد کیے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
