پنجگور ٹریفک حادثہ، 4 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق، 2 کمسن بچے شدید زخمی واشک، شمشی کے قریب زمیاد الٹنے سے 4 افراد جاں بحق، دو زخمی



پنجگور / واشک ( نامہ نگار) پنجگور کے علاقے گوران میں ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں چار خواتین سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ دو کمسن بچے شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ ایک 2000 ماڈل ایرانی گاڑی اور ایک ایگزیو کار کے درمیان خوفناک تصادم کے باعث پیش آیا۔ حادثے کے نتیجے میں چار خواتین اور ایک نوجوان، جمشید ولد عبیداللہ، موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق پنجگور کی تحصیل پروم کے علاقے کہدہ عبدالحکیم بازار سے بتایا جاتا ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے دونوں کمسن بچوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس اور متعلقہ حکام کی جانب سے حادثے کی مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔

علاوہ ازیں  واشک میں شمشی کے قریب ایک المناک ٹریفک حادثے میں 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب شمشی میں کھجور کی پیکنگ کے لیے جانے والی ایک زمیاد گاڑی تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر الٹ گئی۔

حادثہ اتنا شدید تھا کہ 3 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 3 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو فوری طور پر شمشی بی ایچ یو منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں ایک کمسن بچہ بھی شامل ہے۔ بی ایچ یو میں طبی امداد کے دوران ایک اور زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔

اس طرح اس حادثے میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 4 ہو گئی ہے۔طبی عملے کے مطابق باقی 2 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق واشک سے ہے اور وہ روزی کے سلسلے میں کھجور کی پیکنگ کے لیے جا رہے تھے۔حادثے کی اطلاع پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔

اہلِ علاقہ نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شمشی روڈ پر ٹریفک کی روانی اور گاڑیوں کی فٹنس کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post