ڈیرہ بگٹی، سوئی کے علاقے پٹ فیڈر میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، 18 سالہ نوجوان جاں بحق اہلخانہ سراپا احتجاج بن گئے



ڈیرہ بگٹی ( نامہ نگار) ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے علاقے یارو پٹ میں اتوار کی  صبح بارودی سرنگ کے دھماکے میں18 سالہ  احمد علی ولد علی خان بگٹی نامی نوجوان ھلاک ہوگیا۔ 
واقعے کے بعد لواحقین نے نعش کے ہمراہ سوئی کے چائنا چوک پر دھرنا دے دیا اور سوئی اور کشمور کے درمیان جانے والی مرکزی شاہراہ کو بند کر دیا ۔
متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ان کے بچے کو شاہنواز چاکرانی بگٹی کے ڈیتھ اسکواڈ کے کارندوں نے قتل کیا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق شاہنواز چاکرانی بگٹی نامی شخص ڈیتھ اسکواڈ کا سرغنہ ہے، جو سوئی کے علاقوں لنجو اور سغاری میں سرگرم ہے، جہاں زمینوں پر قبضے، لوٹ مار اور ڈیرہ بگٹی کو سندھ سے ملانے والی مرکزی شاہراہ پر چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی یہ گروہ ملوث ہے۔
جبکہ متاثرہ خاندان بھی حکومتی حمایت یافتہ ہے، اور اس خاندان کے افراد انتظامیہ سمیت کئی عہدوں پر فائز ہیں۔
علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیرہ بگٹی، خصوصاً سوئی میں، قبائل کی آپسی دشمنیوں کو ریاست کی جانب سے مسلسل ہوا دی جا رہی ہے۔ آج ہونے والے دھماکے میں ملوث فریق اور دھماکے کا نشانہ بننے والے دونوں فریقوں کو ریاستی ادارے مختلف ذرائع سے مدد فراہم کر رہے ہیں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post