تربت دیات سے نوجوان کی گولی لگی لاش برآمد، شناخت 13 جون سے لاپتہ اسد رحیم کے طور پر کی گئی



تربت ( نامہ نگار ) تربت  کے علاقے دیات کے قریب پولیس نے ایک نوجوان کی گولی لگی لاش برآمد کرکے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت اسد رحیم ولد رحیم بخش سکنہ ڈنک کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں علاقے کے ایک شخص نے شناخت کیا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق اسد رحیم 13 جون 2026 سے پراسرار طور پر لاپتہ تھے۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ لاپتا ہونے کے بعد ایک مرتبہ ان کی والدہ کو واٹس ایپ پر ایک بار دیکھے جانے والا (View Once) صوتی پیغام موصول ہوا تھا تاہم آواز واضح نہیں تھی۔
دو روز قبل سوشل میڈیا پر اسد رحیم کی ایک ویڈیو بھی گردش میں آئی تھی، جس میں وہ خود کو ایک مسلح تنظیم کا رکن ظاہر کرتے ہوئے اپنی والدہ کو یہ پیغام دیتے دکھائی دیتے ہیں کہ وہ اپنے ساتھیوں کے پاس پہنچ چکے ہیں اور پریشان نہ ہوں۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے جبکہ قتل کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔


Post a Comment

Previous Post Next Post