تربت محراب خالد بلوچ کے اہلِ خانہ کی سابق وزیرِاعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات

 


تربت ( نمائندہ خصوصی )محراب خالد بلوچ کے اہلِ خانہ اور قریبی عزیز و اقارب نے سابق وزیرِاعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے اُن کی رہائش گاہ، تربت میں ملاقات کی۔ وفد میں محراب خالد کے والد اور سابق بینکر خالد احمد، چچا اور سابق ایکسائز آفیسر کیپٹن یار جان، بھائی مظاہر خالد، لیکچرار معراج خالد، سابق کونسلر شاہد اسحاق، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک تربت ڈاکٹر صغیر احمد، صوبائی صدر پیرا میڈکس عبدالباقی بلوچ، پرویز رشید، کبیر شبیر، لیویز نائب رسالدار زاہد اسحاق، امتیاز اسلم، ایاز یار جان، اُمید رسول بخش، قمبر اسد اور دیگر اہلِ خانہ و معززین شامل تھے۔
ملاقات کے دوران اہلخانہ نے محراب خالد بلوچ کی گمشدگی کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ محراب خالد بلوچ گدروشیا پوائنٹ نیوز چینل کے سینئر کیمرہ مین اور این ایل ای، بلوچی فلم انڈسٹری کے معروف کیمرہ مین و آرٹسٹ، نیز نیشنل کالج آف آرٹس (NCA) لاہور میں فلم سازی کے طالبِ علم ہیں۔ وفد نے بتایا کہ محراب خالد بلوچ 29 مئی 2026 کو لاہور میں لاپتہ ہوئے تھے اور تاحال اُن کے بارے میں کوئی مصدقہ معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں، جس کے باعث اہلِ خانہ شدید تشویش اور ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ سابق وزیرِاعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے محراب خالد بلوچ کی گمشدگی پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا اور انکے اہلخانہ کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کی۔
اس موقع پر نیشنل پارٹی کے صوبائی میڈیا سیکرٹری حفیظ علی بخش بھی موجود تھے ۔

Post a Comment

Previous Post Next Post