تربت ( نامہ نگار)محکمہ ماحولیات بلوچستان (تربت) کے زیر اہتمام اور میونسپل کارپوریشن تربت کے تعاون سے موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک پرامن آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔
واک کا آغاز میونسپل کارپوریشن تربت کے دفتر سے کیا گیا جس کی قیادت چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تربت شعیب ناصر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات طارق الٰہی نے کی۔ واک میں انجمن تاجران، بی آر ایس پی (BRSP)، ایس پی او (SPO)، سماجی کارکنوں، تاجروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء میں انجمن تاجران کے رہنما اسحاق روشن دشتی، التاز سخی، محراب بلوچ اور دیگر نمایاں شخصیات بھی شامل تھیں۔
واک کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری، صفائی اور پلاسٹک کے استعمال میں کمی سے متعلق نعرے درج تھے۔ واک مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی تربت پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات طارق الٰہی، بی آر ایس پی کے پروگرام منیجر التاز سخی اور چیف آفیسر شعیب ناصر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی آج دنیا کو درپیش سب سے بڑے چیلنجز میں سے ایک ہے جس کے اثرات ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک سمیت ہر معاشرے پر مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتا ہوا درجہ حرارت، غیر معمولی موسمی تبدیلیاں، پانی کی قلت اور ماحولیاتی آلودگی انسانی زندگی اور قدرتی وسائل کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ درختوں کی بے دریغ کٹائی، سبزہ زاروں میں کمی، پلاسٹک بیگز کا غیر ضروری استعمال اور صفائی کے ناقص انتظامات ماحولیاتی آلودگی کے اہم اسباب ہیں۔ ان مسائل پر قابو پانے کے لیے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوامی شعور اور انفرادی ذمہ داری بھی ناگزیر ہے۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں، پلاسٹک بیگز کے استعمال میں کمی لائیں، گھروں اور بازاروں میں صفائی کا خیال رکھیں اور ماحول دوست طرزِ زندگی اپنائیں۔ مقررین نے کہاکہ ماحولیاتی تحفظ صرف حکومتی اداروں کی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے اور آنے والی نسلوں کے لیے صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
