نواب خیر بخش مری کی جدوجہد نے بلوچ قومی تحریک کو ایک واضح نظریاتی سمت فراہم کی۔ نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کوئٹہ



کوئٹہ ( پریس ریلیز) نواب خیر بخش مری کی بارہویں برسی کے موقع پر نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی (این ڈی پی) نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواب خیر بخش مری کی فکری اور سیاسی میراث آج بھی قومی شعور کی تشکیل میں رہنمائی فراہم کررہی ہے اور ان کی جدوجہد نے بلوچ قومی تحریک کو ایک واضح نظریاتی سمت دی۔
پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نواب خیر بخش مری بلوچ قومی سیاست کی ان نمایاں شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی زندگی قومی شعور کی بیداری، سیاسی تنظیم کاری اور محکوم اقوام کے حقوق کی جدوجہد کے لیے وقف کیے رکھی۔
بیان کے مطابق وہ محض ایک سیاسی رہنما نہیں بلکہ ایک ایسے مفکر تھے جنہوں نے قومی سوال، نوآبادیاتی نظام، سماجی تبدیلی اور سیاسی جدوجہد کے مختلف پہلوؤں پر گہرائی سے غور کیا اور اپنی فکر و عمل کے ذریعے بلوچ قومی تحریک پر دیرپا اثرات مرتب کیے۔
این ڈی پی کے مطابق نواب خیر بخش مری ایک قبائلی سردار ہونے کے باوجود اپنی سیاسی فکر کو قبائلی حدود تک محدود رکھنے کے بجائے ایک قومی سیاسی رہنما کے طور پر ابھرے اور بلوچ قومی تحریک کو ایک وسیع فکری اور سیاسی بنیاد فراہم کرنے کی کوشش کی، ان کی سیاست کا مرکز فرد یا قبیلہ نہیں بلکہ قوم، اس کی اجتماعی آزادی اور سیاسی شعور تھا۔
بیان میں   کہا گیا ہےکہ نواب خیر بخش مری عوامی مقبولیت کے لیے جذباتی تقاریر کے بجائے سیاسی تربیت، منظم فکری عمل اور اجتماعی شعور کی تشکیل پر یقین رکھتے تھے، وہ نوجوان نسل میں مطالعے، تحقیق اور تنقیدی شعور کے فروغ کو قومی ترقی کے لیے ناگزیر سمجھتے تھے اور قومی تحریک کی کامیابی کو واضح سیاسی سمت، منظم جدوجہد اور طویل المدتی حکمت عملی سے مشروط قرار دیتے تھے۔
نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی نے مزید کہا ہے کہ نواب خیر بخش مری نے اپنی طویل سیاسی زندگی میں قید و بند، جلاوطنی اور مختلف سیاسی دباؤ کے باوجود اپنے نظریات اور مؤقف پر ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا، جس کی وجہ سے وہ بلوچ قومی سیاست کی ایک بااثر شخصیت کے طور پر یاد کیے جاتے ہیں۔
بیان کے آخر میں ترجمان نے  کہا ہے کہ موجودہ دور میں نواب خیر بخش مری کے سیاسی فلسفے اور فکری ورثے کو سمجھنے کی ضرورت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے، جبکہ نئی نسل کے لیے ان کے افکار اور نظریات مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتے ہیں اور قومی آزادی، خودمختاری اور ترقی کے لیے نظریاتی پختگی، سیاسی بصیرت اور مسلسل جدوجہد کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post