تمپ ( بلوچستان ٹوڈے نیوز ) تمپ کے علاقے رودبن سے چار روز قبل اغواء ہونے والا کمسن لڑکا خلیل حلیم بازیاب ہو کر اپنے گھر پہنچ گیا۔ یونین کونسل بالیچاہ کے چیئرمین میر خلیل تگرانی نے کمسن خلیل حلیم کے بازیاب ہوکر گھر پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔
خلیل حلیم مقامی کاروباری شخصیت عبدالحلیم کے صاحبزادے ہیں جنہیں چند روز قبل رودبن کے علاقے سے نامعلوم افراد نے اغواء کر لیا تھا۔ جمعہ کی صبح ان کی باحفاظت واپسی کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ اور عزیز و اقارب میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
خلیل حلیم کے اغواء کے بعد ان کی بازیابی کے لیے عوامی سطح پر تشویش پائی جاتی تھی اور مختلف حلقوں کی جانب سے آواز بھی بلند کی گئی تھی۔
تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اغواء کے محرکات کیا تھے اور نہ ہی ان کی بازیابی سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
