موسیٰ خیل میں صحافی قتل ،تمپ کلاہو سے لاش برآمد

 


موسی خیل ،تربت ( ویب ڈیسک)
بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے صحافی لالا اسرافیل کو قتل کردیا جبکہ تمپ کلاہو سے ایک لاش برآمدہوئی ہے جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ۔
ضلع موسیٰ خیل میں صحافی لالا اسرافیل نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی جبکہ صحافتی برادری نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لالا اسرافیل کو گزشتہ روز نامعلوم حملہ آوروں نے نشانہ بنایا جب وہ اپنی دکان کے باہر بیٹھے تھے جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ہسپتال زرائع کے مطابق انہیں چھ گولیاں لگیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں لالا اسرافیل کا نام فورتھ شیڈول میں بھی شامل رہا تھا، تاہم واقعے کے محرکات اور حملہ آوروں کی شناخت کے حوالے سے تاحال کوئی سرکاری موقف سامنے نہیں آیا۔
صحافی تنظیموں اور مقامی صحافتی حلقوں نے لالا اسرافیل کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو درپیش خطرات کے تدارک اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
دوسری جانب تمپ کے علاقے کلاہو سے برآمد ہونے والی لاش کی شناخت محمد ولد احمد، سکنہ ناصر آباد کے نام سے ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا، جس کے بعد ان کی لاش کلاہو کے علاقے میں پھینک دی گئی۔
واقعے کے محرکات اور حملہ آوروں کے بارے میں تاحال کوئی معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔



Post a Comment

Previous Post Next Post