کوئٹہ ( نامہ نگار ) بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کے سیول ہسپتال میں ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب گردی کے واقعے کے خلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، میڈیکل اسٹاف کی مختلف انجمنوں اور طبی شعبے سے وابستہ افراد نے احتجاجی ریلی اور مظاہرہ کیا۔
احتجاجی ریلی سنڈیمن سول ہسپتال سے نکالی گئی جو نعرے لگاتے ہوئے کوئٹہ پریس کلب پہنچی، جہاں شرکاء نے واقعے کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر حملہ صرف ایک فرد، ایک کمیونٹی، ایک قوم یا ایک خاتون پر حملہ نہیں بلکہ پوری انسانیت پر حملہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ وہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے اہلخانہ کے ساتھ ہر فورم پر شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور انصاف کے حصول تک اپنی حمایت جاری رکھیں گے۔
مقررین نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ خواتین اور طبی عملے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
