کراچی / حب چوکی ( ویب ڈیسک ) کراچی اور حب چوکی سے مزید دو افراد کی جبری گمشدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے ،جبکہ دوسری جانب ایک لاپتہ نوجوان بازیاب ہو کر اپنے گھروں پہنچ گیا ۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ کے رہائشی اور حب چوکی کے علاقے دارو ہوٹل میں کاروبار کرنے والے 37 سالہ محمد حنیف ولد سلیمان کو 12 فروری 2026 کی رات تقریباً دو بجے سی ٹی ڈی اہلکاروں نے دارو ہوٹل، حب چوکی سے حراست میں لیا تھا، جن کے بارے میں اب تک کوئی معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں۔
ادھر کراچی کے علاقے ملیر سے 45 سالہ غلام قادر ولد عبد الکریم کو 31 مئی 2026 کی رات ایک بجے ان کے گھر سے آئی ایس آئی، ایم آئی اور رینجرز اہلکاروں نے حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا۔
دوسری جانب نوشکی کے علاقے کلی جمالدینی کے رہائشی عمیر احمد سمالانی ولد میر احمد سمالانی بھی تقریباً چار ماہ بعد خیر و عافیت کے ساتھ بازیاب ہو کر اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔ ان کی بازیابی کی تصدیق خاندانی ذرائع نے کی ہے۔
