کوئٹہ ایک شخص قتل ،مچھ میں ٹریفک حادثے میں 2 خواتین سمیت 3 افراد ہلاک، پنجگور اور قلات میں پاکستانی فورسز کے پوسٹوں پر حملہ



کوئٹہ ( نامہ نگار ) بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ مشرقی بائی پاس پر مسلح افراد نے ایک نامعلوم شخص کو قتل کردیا ، علاوہ ازیں پنجگور کے علاقے پروم میں مسلح افراد نے فورسز پوسٹ پر حملہ کیا جہاں دیر تک شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آواز سنی گئی۔
علاقائی ذرائع کے مطابق حملے کی زد میں آنے والی پوسٹ نئی تعمیر شدہ ہے جس پر کام جاری تھا کہ مسلح افراد نے اس پر حملہ کیا۔ حکام نے تاحال واقعے کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔
اس طرح قلات کے علاقے منگچر میں بدرنگ کے مقام پر مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے پوسٹ کو حملے میں نشانہ بنایا۔ اس دوران متعدد دھماکوں کیساتھ فائرنگ کی آواز سنی گئی۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ پوسٹ ایک تعمیراتی کمپنی کے قریب قائم ہے۔
حملے کے نتیجے میں نقصانات کے حوالے سے حکام نے تاحال کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔
دریں اثناء بلوچستان کے بولان قومی شاہراہ پر گوکرت کے مقام پر پیش آنے والے ایک المناک حادثے میں 2 خواتین سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے جیکب آباد جانے والی ایک موٹر سائیکل اچانک بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں اس پر سوار تینوں افراد موقع پر دم توڑ گئے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post