ہنڈارس میں تیز رفتار بس بے قابو ہو کر پل سے ٹکرانے کے بعد دریا میں جاگری جس میں 11 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق لاطینی امریکی ملک ہنڈارس میں بس بے قابو ہوکر پل سے ٹکرانے کے بعد دریا میں جاگری، حاڈثے کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک جبکہ 25 افرد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق بس میں تقریباً 40 افراد موجود تھے، زخمیوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے، شدید زخمیوں کو ایمبولینس اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے ٹیگوسیگالپا کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب ہنڈارس کے صدر نے سوشل میڈیا کے ذریعے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات دے دی ہیں۔
علاوہ ازیں بھارت میں ڈاکٹر نے بیوی اور بچوں کو پہلے بے ہوش کرکے بعد میں قتل کردیا اور پھر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر دیا ـ
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اترپردیش کے رائے بریلی ضلع میں ریلوے کالونی سے سرکاری ڈاکٹر، ان کی اہلیہ اور دو بچوں کی دو دن پرانی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر ارون سنگھ ماڈرن ریل کوچ فکٹری میں اسسٹنٹ ڈویژنل میڈیکل آفیسر کے طور پر تعینات تھے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ گزشتہ اتوار سے خاندان کا کسی سے رابطہ نہیں ہوا تھا، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس پی آلوک پریادرشی نے کہا کہ ڈاکٹر آنکھوں کے ماہر تھے، وہ ڈپریشن میں مبتلا تھے۔
انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ ان کو موت سے پہلے کئی انجیکشن لگائے گئے تھے، بچوں کو دوائی دے کر بیہوش کیا اور پھر ان کے سروں پر حملہ کرکے خود کو پھانسی لگالی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر، ان کی اہلیہ، ایک بیٹی اور بیٹے کی لاشیں برآمد کی گئیں، لڑکی کی عمر 14 سال اور لڑکے کی عمر 5 سال ہے۔
ایس پی کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفصیلات پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گی۔