کیف (مانیٹرنگ ڈیسک) روس نے وسطی یوکرینی شہر کریمین چوک میں واقع شاپنگ سینٹر پر میزائل حملے کئے جس کے نتیجے میں11 افراد ہلاک جبکہ 40 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرینی سینئر حکام کا کہنا ہے کہ روس نے یوکرین کے وسطی شہر کریمین چوک میں واقع شاپنگ سینٹر پر دو میزائل حملے کیے، جس کے نتیجے میں شاپنگ سینٹر میں آگ لگ گئی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے شاپنگ سینٹر کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ جس وقت شاپنگ سینٹر پر حملہ کیا گیا اس وقت مال میں ایک ہزار سے زیادہ لوگ موجود تھے، انہوں نے کہا کہ حملے کیلئے وقت کا انتخاب ایسا کیا گیا جس وقت شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وسطی پولٹاوا ریجن کے گورنر ڈیمیٹرو لونن نے حملے میں 11 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو ورکرز کی جانب سے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے، ملبے کے نیچے سے مزید لاشوں کے ملنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہریوں کیخلاف تخریبی کی کارروائی ہے، قریب میں کوئی فوجی ہدف نہیں تھا جس پر روس نشانہ بنا سکتا ہو