تربت گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول گوکدان میں یومِ اساتذہ کی پروقار تقریب

 


تربت ( نامہ نگار) عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول گوکدان میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ہیڈمسٹریس میڈم شازیہ نے کی۔ تقریب میں اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی جب کہ طالبات کی جانب سے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے مختلف پروگرام پیش کیے گئے۔

تقریب کے دوران طالبات نے یومِ اساتذہ کی مناسبت سے تقاریر، اشعار، حمد و نعت اور مختلف موضوعات پر ڈرامے پیش کیے جنہیں حاضرین نے سراہا۔ طالبات نے اپنی پیشکشوں کے ذریعے اساتذہ کی علمی و تربیتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہیڈمسٹریس میڈم شازیہ نے کہا کہ اساتذہ کسی بھی معاشرے کی فکری اور اخلاقی بنیاد مضبوط کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ استاد صرف کتابی علم فراہم نہیں کرتا بلکہ طلبہ کی کردار سازی، شعور کی بیداری اور مستقبل کی تعمیر میں بھی اہم ذمہ داری ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ اساتذہ اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ تعلیم اور تربیت کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور اساتذہ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے۔

اس موقع پر سینیئر ٹیچر جان گل، حاجرا، وسیمہ اور دیگر اساتذہ نے بھی خطاب کیا اور یومِ اساتذہ کی اہمیت، استاد کے مقام اور طالبات کی تعلیمی و اخلاقی تربیت کے حوالے سے اظہارِ خیال کیا۔

تقریب کے اختتام پر طالبات اور اساتذہ نے یومِ اساتذہ کے حوالے سے منعقدہ پروگرام کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیمی معیار کی بہتری اور نئی نسل کی بہتر تربیت کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کی جائیں گی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post