نوشکی ( نامہ نگار ) نوشکی عین الدین روڈ پر اتوار کے روز دن دیہاڑے تین مسلح موٹر سائیکل سوار ڈاکو متعدد دکانداروں اور راہگیروں سے نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیاء چھین کر فرار ہوگئے، جس کے باعث تاجروں اور شہریوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعہ اتوار کی سہ پہر تقریباً 3 بجے جامع مسجد کے قریب پیش آیا، جہاں تین مسلح موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر متعدد ہارڈویئر اور سیمنٹ کی دکانوں کو لوٹا اور دکانداروں سمیت راہگیروں سے نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیاء چھین کر فرار ہوگئے۔
دن دیہاڑے پیش آنے والے اس واقعے نے شہریوں اور تاجروں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں اس طرح کی وارداتیں امن و امان کی صورتحال پر سنگین سوالات اٹھا رہی ہیں۔
واقعے کے بعد شہریوں اور تاجروں نے متعلقہ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے لوٹی گئی اشیاء برآمد کی جائیں اور شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
