گوادر کوسٹ گارڈز کی کشتیوں پر حملہ، 15 سے زائد اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاعات ،اوتھل میں فورسز قافلے کو نشانہ بنایا گیا ،سوئی گیس لائن پر 5 دھماکے

 


کوئٹہ ( نامہ نگار ) بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کی تحصیل جیونی کے قریب سمندر میں پاکستان کوسٹ گارڈز کی دو کشتیوں پر حملے کے نتیجے میں 15 سے زائد اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
تاحال حکام کی جانب سے ہلاکتوں کے حوالے سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق، واقعے کے بعد جیونی میں فورسز کی نقل و حرکت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ فورسز نے مقامی ماہی گیروں کو سمندر سے واپس بلا لیا ہے اور انہیں آئندہ احکامات تک سمندر میں جانے سے منع کر دیا ہے۔
تاحال کسی مسلح تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سمندر میں پاکستانی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے سمندری کارروائیوں کے لیے اپنا الگ یونٹ، ’حمل میری ٹائم ڈیفنس فورس‘ (Hammal Maritime Defence Force)، تشکیل دیا تھا۔
اس یونٹ نے اس سے قبل 12 اپریل 2026 کو جیونی کے قریب ’مِل تیاب‘ کے مقام پر پاکستانی بحریہ کی ایک گشتی کشتی کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں تین اہلکار، نائیک افضل، سپاہی جمیل اور سپاہی عمر، ہلاک ہوگئے۔


علاوہ ازیں اوتھل کے مقام ساکن میں پاکستانی فورسز کے ایک قافلے پر مبینہ حملے کی اطلاعات موصول ہوئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں متعدد اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔


تاحال واقعے کی تفصیلات اور جانی نقصان کی آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے، مزید معلومات سامنے آنے پر خبر کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔


دریں اثناء ڈیرہ بگٹی سوئی میں گیس تنصیبات پر یکے بعد دیگرے حملے، 5 دھماکوں سے پائپ لائنز تباہ_
سوئی میں گیس ویل نمبر 78 سے پلانٹ کو جانے والی پائپ لائن کو دھماکے سے تباہ کر دیا گیا
سوئی شہر کے مختلف علاقوں میں اب تک 5 دھماکے سنے گئے ہیں، ذرائع کے مطابق دھماکوں میں گیس تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔

Post a Comment

Previous Post Next Post