کوئٹہ ( نامہ نگار) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ خضدار کے علاقے سونارو میں تین روز قبل شادی کی ایک تقریب میں مبینہ ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے چار افراد بے گناہ تھے اور وہ غلط اطلاع کی بنیاد پر مارے گئے۔
بی بی سی اُردو کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ نے ہفتہ کو سعودی عرب سے ویڈیو لنک کے ذریعے کوئٹہ میں موجود سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ایک سات سالہ بچہ بھی جاں بحق ہوا۔
واضح رہے کہ واقعے کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ کراچی مرکزی شاہراہ کو دو روز تک ٹریفک کے لیے بند رکھا تھا۔ ہلاک افراد کے لواحقین اور بلوچستان نیشنل پارٹی نے واقعے کا الزام سکیورٹی فورسز پر عائد کیا تھا۔
لواحقین کے مطابق ہلاک افراد میں دو بھائی، ان کا ایک کزن اور سات سالہ بچہ شامل تھے، جبکہ فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی زخمی ہوئے تھے۔
