لندن( نامہ نگار )
برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں وزیرِ اعظم برطانیہ کی رہائش گاہ کے سامنے بلوچ انسانی حقوق کے کارکن عمر کریم کی جانب سے قائم کیا گیا تین روزہ بھوک ہڑتالی کیمپ آج شام 5:30 بجے اختتام پذیر ہوگیا۔
یہ بھوک ہڑتالی کیمپ یکم جولائی کو صبح 9:00 بجے شروع ہوا تھا اور 3 جولائی شام 5:30 بجے تک مسلسل جاری رہا۔
منتظمین کے مطابق اس بھوک ہڑتالی کیمپ کا مقصد حالیہ دنوں میں پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی (اے ٹی سی) عدالت کی جانب سے بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا تھا۔تین روزہ احتجاجی کیمپ کے دوران برطانیہ میں مقیم بلوچ سول سوسائٹی کے نمائندوں، مختلف بلوچ سیاسی تنظیموں کے عہدیداروں اور کارکنوں نے بھی شرکت کی اور عمر کریم کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ اس احتجاج کا مقصد بلوچ انسانی حقوق کے حوالے سے عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانا اور انصاف کا مطالبہ کرنا تھا.