خضدار ( نامہ نگار ) خضدار میں اشیائے خورد و نوش اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جبکہ سرکاری پرائس کنٹرول لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث عوام اور سول سوسائٹی شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔
لوکل گورنمنٹ کی جانب سے ہر ضلع میں ایک مجسٹریٹ تعینات کیا جاتا ہے، جس کی ذمہ داری روزانہ کی بنیاد پر پرائس کنٹرول لسٹ جاری کرنا، بازاروں کا معائنہ کرنا اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوتی ہے۔ تاہم عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ خضدار میں آج تک کسی نے متعلقہ مجسٹریٹ کو عملی طور پر فرائض انجام دیتے نہیں دیکھا، جس کے باعث یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ آیا اس عہدے پر کوئی تعینات ہے یا نہیں اگر مجسٹریٹ دستیاب نہیں تو ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ خود میدان میں آ کر پرائس کنٹرول لسٹ پر سختی سے عملدرآمد کرائیں، منافع خوروں اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں عوام اور سول سوسائٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ خضدار میں پرائس کنٹرول نظام فوری طور پر فعال کیا جائے، روزانہ بازاروں کی نگرانی یقینی بنائی جائے اور مہنگائی کے ستائے عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔
