مند ( نامہ نگار ) جیونی کے علاقے کنٹانی میں مزدوری کرنے والے دو سگے بھائی امام اور محمد عمر ولد محمد الیاس، سکنہ سورو مند، جمعہ کے روز جیونی سے اپنے گھر مند آتے ہوئے لاپتہ ہوگئے تھے۔
ذرائع کے مطابق دونوں بھائی جمعہ کے روز جیونی سے روانہ ہوئے اور تربت کراس کرکے مند جا رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ راستے میں ان کی موٹرسائیکل کا پٹرول ختم ہوگیا، جس کے بعد مبینہ طور پر پاکستانی فوج نے انہیں اپنی تحویل میں لے لیا۔
آج دونوں بھائیوں کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئیں اور پولیس نے لاشوں کو ورثاء کے حوالے کر دیا۔ بعد ازاں دونوں کی تدفین ان کے آبائی قبرستان سورو مند میں کردی گئی۔
واضح رہے کہ مبینہ گرفتاری اور واقعے سے متعلق سرکاری سطح پر تاحال کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا، جبکہ اہلِ خانہ اور مقامی افراد نے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے
