جیونی ( نامہ نگار) بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے علاقے جیونی میں پاکستانی فوج کی جانب سے گزشتہ تین روز سے مقامی آبادی کے خلاف آپریشن اور کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، پاکستانی فوج نے آج دوپہر جیونی کے علاقے پانوان میں چھاپہ مارا، جہاں کارروائی کے دوران جبری لاپتہ علی اصغر کے گھر کو مسمار کر دیا۔
یاد رہے کہ علی اصغر کو پاکستانی فوج نے 16 اپریل 2026 کو حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کر دیا تھا، اور وہ تاحال لاپتہ ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق، گزشتہ چند دنوں کے دوران پاکستانی فوج نے پانوان اور اس سے ملحقہ علاقوں سے بڑی تعداد میں افراد کو حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ پانوان میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے کیمپ پر بلوچ لبریشن آرمی کی مجید بریگیڈ کے خودکش حملے کے بعد پاکستانی فوج نے مقامی آبادی کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے متعدد افراد کو جبری طور پر لاپتہ کر دیا ہے۔
