کوئٹہ ( نامہ نگار ) گوادر کے علاقے جیونی میں کوسٹ گارڈز کیمپ پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے دھماکہ، کیمپ مکمل تباہ
آج شام کے وقت گوادر کے علاقے جیونی میں پانوان کے مقام پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے پاکستانی فورسز کوسٹ گارڈز کے کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق شدید نوعیت کے دھماکے کے بعد مسلح افراد نے بھی فورسز پر حملہ کیا، حملے میں بیس سے زائد کوسٹ گارڈز اہلکاروں کے ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
پاکستانی حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔
علاوہ ازیں شاہرگ، دالبندین اور مستونگ کی شاہراہوں پر ناکہ بندیاں، فورسز اور معدنیات لے جانے والی گاڑیوں پر حملے
مسلح افراد نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مرکزی شاہراہوں پر کنٹرول حاصل کرکے گاڑیوں کی تلاشی لی۔
بلوچستان کے متعدد علاقوں میں مسلح افراد نے مرکزی شاہراہوں کا کنٹرول حاصل کرلیا، جہاں انہوں نے شاہرگ سے زیارت اور ہرنائی جانے والی مرکزی شاہراہ پر ناکہ بندی قائم کی۔
اس دوران مسلح افراد نے ضلع مستونگ کی تحصیل کھڈکوچہ میں ناکہ بندی قائم کرتے ہوئے 9 ٹرالر قبضے میں لے لیے۔
اطلاعات کے مطابق مستونگ میں ناکہ بندی کے دوران مسلح افراد نے پاکستانی فوج کی بکتر بند گاڑی سمیت دیگر گاڑیوں کو بھی حملے کا نشانہ بنایا، جبکہ دونوں جانب کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
اس سے قبل آج صبح مستونگ کے علاقے دشت میں سبی روڈ پر نادرا آفس کے قریب پاکستانی فورسز کی ایک گاڑی کو نامعلوم افراد نے دھماکے میں نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں فورسز کی گاڑی اور پل کو نقصان پہنچا۔
مزید برآں مسلح افراد نے دالبندین کے قریب مرکزی شاہراہ پر ناکہ بندی قائم کرتے ہوئے بلوچستان سے معدنیات لے جانے والی گاڑیوں کو نذرِ آتش کردیا گیا ۔
دریں اثناء
جیوانی میں کوسٹ گارڈ کیمپ پر حملہ، فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لی۔
بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر کے علاقے جیوانی میں پاکستانی فورسز کے ایک کیمپ پر بڑے حملے کے بعد علاقے کو مکمل سیل کردیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق پیر کی شام پانوان میں کوسٹ گارڈز کے کیمپ کو بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی اطلاعات میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ دھماکے کے بعد مسلح افراد نے فائرنگ کرتے ہوئے کیمپ پر حملہ بھی کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد پاکستانی فورسز کی اضافی نفری علاقے میں پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق کوسٹل ہائی وے سمیت جیونی کی جانب آنے جانے والے متعدد راستے بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ علاقے میں سخت سیکیورٹی چیک پوسٹس قائم کر دی گئی ہیں۔