نصیرآباد ( نامہ نگار) نصیر آباد میں پیش آنے والے ایک انتہائی دردناک اور چونکا دینے والے واقعے میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اغوا شدہ خاتون اور ان کی نومولود بچی کو بازیاب کرا لیا۔سی آئی اے نصیرآباد کے انچارج سید حیدر شاہ اور باباکوٹ تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر علی نواز مگسی نے ڈی آئی جی نصیرآباد رینج کامران نواز اور ایس ایس پی نصیرآباد اسد ناصر کی خصوصی ہدایات پر بھاری پولیس نفری کے ہمراہ جھل مگسی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی خاتون بی بی زاہدہ، زوجہ ندیم جوئیہ، کو بحفاظت بازیاب کرایا۔پولیس کے مطابق بی بی زاہدہ کو اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ حاملہ تھیں۔ اغوا کاروں کی قید کے دوران انہوں نے ایک بچی کو جنم دیا، جس کا نام بی بی علیزہ رکھا گیا۔ ماں اور نومولود کی بحفاظت بازیابی نے اس افسوسناک واقعے کو مزید دل خراش بنا دیا۔پولیس نے بتایا کہ کارروائی کے دوران کوئی ملزم گرفتار نہیں ہو سکا، تاہم ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ تقریباً پندرہ روز قبل دس سے زائد مسلح افراد نے باباکوٹ تھانے کی حدود سے بی بی زاہدہ کو اغوا کر لیا تھا، جبکہ مزاحمت پر ان کے شوہر ندیم جوئیہ کو زخمی کر کے فرار ہو گئے تھے۔پولیس کے مطابق مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
