گوادر ( نامہ نگار) ضلع گوادر کے علاقے پانوان اور گنز کے درمیان سڑک کے نزدیک پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جنہیں ضروری قانونی کارروائی اور شناخت کے لیے سول ہسپتال جیونی منتقل کر دیا گیا ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق مقتولین میں سے دو کی شناخت ہو چکی ہے جب کہ تین افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ شناخت ہونے والوں میں شاہ بخش اور پیری ولد عصا شامل ہیں جن کا تعلق تحصیل جیونی کے علاقے روبار سے بتایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق شاہ بخش مقامی کونسلر عبد الکریم کے بھائی تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ باقی تین لاشیں شناخت کے لیے ہسپتال میں موجود ہیں جب کہ واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔
واضح رہے کہ کل جمعہ کی شام جیونی کے علاقے پانوان میں ایک خودکش حملے میں پاکستان کوسٹ گارڈ کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد فورسز نے جوابی کارروائی میں چند حملہ آوروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔
اس حملے کی ذمہ داری بلوچ مسلح تنظیم نے قبول کرتے ہوئے دو درجن سے زائد اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا تاہم کسی آزاد زرائع اور نا ہی سرکاری سطح پر اس دعوے کی تصدیق کی گئی۔
