ژوب(نامہ نگار) بلوچستان کے علاقے دانہ سر میں ایک مسافر بس گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہو گئے۔
ڈپٹی کمشنر ژوب حضرت ولی کاکڑ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ ایک تیز موڑ پر بس کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ بریک جواب دے جانے کے بعد ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، جس کے نتیجے میں بس گہری کھائی میں جا گری۔
انتظامیہ کے مطابق ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ حادثے کی مزید وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
