جیونی (نامہ نگار ) جیونی میں گزشتہ روز کے فورسز کیمپ پر خود کش حملے کے بعد سول آبادی پر فوج کا دھاوا متعدد افراد جبری لاپتہ 3 نعشیں برآمد ، اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی شہر جیونی کے علاقے پانوان میں پاکستانی فورسز نے آج صبح سویرے اچانک سول آبادیوں پر دھاوا بول کر مختلف گھروں کو گھیرے میں لے لیا اور تلاشی کا عمل شروع کردیا۔
علاقائی ذرائع کے مطابق جارحانہ کاروائی کے دوران مبینہ طور پر خواتین اور بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا، جبکہ ایک درجن سے زائد بلوچ نوجوانوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔
علاقائی ذرائع کے مطابق جبری لاپتہ افراد میں سے 10 کے نام سامنے آگئے ہیں ،جنھیں
پیرگل ولد احمد،سمیر ولد پیرگل،سراج ولد ابراہیم، رحیم جان ولد حاصل خان،گمان ولد مراد جان،نوید ولد داد محمد،سید محمد ولد لال بخش،شاہزیب ولد سید محمد،ناخدا نور محمد ولد یوسف،سید محمد ولد یوسف (برادر ناخدا نور محمد) سے کیاگیا ہے۔
واضح رہے کہ فورسز کا یہ دھاوا ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز جیونی پانوان میں واقع کوسٹ گارڈ کے کیمپ پر خود کش حملہ کیا گیا تھا۔ علاقائی مبصرین اس کارروائی کو اسی حملے کا ردعمل قرار دے رہے ہیں۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ آج صبح گنز اور پانوان روڈ سے تین نامعلوم افراد کی لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں ۔ انتظامیہ نے نعشیں تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے تاہم ابھی تک ان کی شناخت ممکن نہیں ہو پائی ہے۔
