خضدار ( نامہ نگار ) بلوچستان نیشنل پارٹی کی آرگنائزر کمیٹی کی رکن ایڈووکیٹ فریدہ بلوچ نے اپنے جاری کردہ بیان میں بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن اور ضلع خضدار کی ضلعی خواتین سیکرٹری رشیدہ بلوچ سمیت تمام خواتین کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ زہری کے دلخراش واقعے کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کرکے انہوں نے ثابت کر دیا کہ جھالاوان کے باشعور خواتین اور کارکنان سردار عطاء اللہ خان مینگل اور قائد سردار اختر جان مینگل کے سیاسی نظریے اور جدوجہد کے سچے پیروکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی بھرپور شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ جھالاوان کے خواتین ہر قسم کے ظلم، جبر اور ناانصافی کا مقابلہ جرات، استقامت اور سیاسی شعور کے ساتھ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نظریات اور قومی شعور کو طاقت کے ذریعے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ سیاسی کارکنوں کو جسمانی طور پر جدا کیا جا سکتا ہے، مگر ان کے افکار، نظریات اور جدوجہد کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی۔
ایڈووکیٹ فریدہ بلوچ نے ریاستی اداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پالیسیوں اور اقدامات پر سنجیدگی سے غور کریں، کیونکہ اگر سیاسی اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھنے والوں کے لیے راستے مزید تنگ کیے گئے تو اس کے دور رس اور منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل صرف سیاسی مکالمے، جمہوری عمل اور عوامی حقوق کے احترام میں مضمر ہے۔
