بی وائی سی کے رہنماوں کی رہائی کیلے جاری دھرنے پر پولیس تشدد قابل مذمت ہے بی این پی



کوئٹہ ( پریس ریلیز ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی خواتین کی رہائی کے لیے ہونے والے احتجاج پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن اور جمہوری آوازوں کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے عوام میں بے چینی اور احساسِ محرومی بڑھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل طاقت کے استعمال، گرفتاریوں اور سخت گیر اقدامات میں نہیں بلکہ سیاسی بصیرت، مکالمے اور باہمی احترام پر مبنی رویوں میں پوشیدہ ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جبر اور طاقت کے ذریعے مسائل کو دبایا تو جا سکتا ہے، مگر انہیں مستقل طور پر حل نہیں کیا جا سکتا۔ ایسے اقدامات سے حالات مزید پیچیدہ ہوتے ہیں اور ریاست و عوام کے درمیان اعتماد کی فضا متاثر ہوتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ تحمل اور دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاسی و جمہوری راستہ اختیار کرے، آئین اور قانون ہر شہری کو منصفانہ سماعت، آزادی اور بنیادی حقوق کی ضمانت دیتے ہیں، تاہم افسوس ناک امر یہ ہے کہ ان حقوق سے مستفید ہونے کے بجائے خواتین کو مسلسل حراست اور مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی آزادی اور وقار کا تحفظ ریاست کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے، لہٰذا انہیں بلاجواز پابندیوں اور محرومیوں کا شکار بنانے کے بجائے ان کے بنیادی حقوق کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔شہریوں کے آئینی حقوق کا احترام یقینی بنائے اور تمام تنازعات و مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور افہام و تفہیم کو فروغ دے، کیونکہ پائیدار امن اور استحکام کا راستہ طاقت نہیں بلکہ انصاف، مکالمہ اور عوامی اعتماد سے ہو کر گزرتا ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post