تربت( نامہ نگار) تربت ڈی بلوچ ایریا میں ایک شخص کی لاش برآمد، شناخت صدام محراب سکنہ شاپک کیچ کے نام سے ہوئی ہے، علاوہ ازیں
تربت گیس سلینڈر دھماکے میں ایک شخص زخمی، ہسپتال منتقل،
گیس سلینڈر پھٹنے کے نتیجے میں سری کہن کا ایک رہائشی زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق زخمی کی شناخت الٰہی بخش ولد عصاء کے نام سے ہوئی ہے جو محکمہ تعلیم تمپ میں بطور کلرک خدمات انجام دے رہے ہیں۔
دریں اثنا اس واقعے نے ایک بار پھر تربت میں برن سینٹر کی عدم موجودگی کے مسئلے کو اجاگر کر دیا ہے۔ ضلع کیچ کے مرکزی شہر اور مکران ڈویژن کے سب سے بڑے شہری مرکز ہونے کے باوجود تربت میں تاحال کوئی فعال برن سینٹر موجود نہیں جس کے باعث جلنے کے واقعات میں متاثرہ مریضوں کو بہتر علاج کے لیے کراچی یا دیگر بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔
شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تربت میں جدید سہولیات سے آراستہ برن سینٹر کے قیام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم عوامی مسئلے کے حل کے لیے ذاتی دلچسپی لیں اور سیکرٹری صحت بلوچستان سمیت متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے تربت میں برن سینٹر کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ جلنے کے واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔
