سردار نصیر موسیانی کے صاحبزادے کی شہادت افسوسناک ہے،ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ، نواب ثناء اللہ زہری



اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے زہری کے علاقے میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں سردار نصیر احمد موسیانی کے صاحبزادے میر خلیل احمد موسیانی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے جاری کردہ بیان میں  سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ، انھوں نے کہا ہے کہ وہ اس مشکل گھڑی میں سردار نصیر احمد موسیانی اور ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ یہ واقعہ انتہائی دلخراش اور قابلِ مذمت ہے انھوں نے واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سردار نصیر احمد موسیانی کے گھر پر چھاپے اور چادر و چار دیواری کی مبینہ پامالی پر بھی شدید تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات علاقے میں بے چینی اور اضطراب میں اضافے کا باعث بنتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ سردار نصیر احمد موسیانی ایک اہم قبائلی و سماجی رہنما ہیں اور ان کے ساتھ پیش آنے والا یہ واقعہ انتہائی سنگین نوعیت کا ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے نواب ثناء اللہ زہری نے خبردار کیا کہ اس نوعیت کے واقعات علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید خراب کر سکتے ہیں اور عوام میں بے چینی پھیل سکتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کر کے حقائق سامنے لائے جائیں اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post