تمپ ( ویب ڈیسک )یونین کونسل بالیچہ میں جلدی امراض کی مبینہ وبا پھوٹ پڑنے کے باعث 50 سے زائد افراد متاثر ہوگئے ہیں، جبکہ سول سوسائٹی نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت سے فوری طبی امداد اور فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کا مطالبہ کیا ہے۔
سول سوسائٹی کے نمائندے عامر تگرانی نے ڈپٹی کمشنر کیچ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کے نام ایک درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران بالیچہ میں جلد کی ایک متعدی بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے، جس سے بچے، خواتین اور بزرگ بڑی تعداد میں متاثر ہوئے ہیں۔
درخواست کے مطابق متاثرہ مریضوں کی تعداد 50 سے تجاوز کرچکی ہے اور بیماری مسلسل مزید افراد کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔ متاثرہ افراد نے علاج کی غرض سے تربت اور تمپ کے مختلف ہسپتالوں سے رجوع کیا، تاہم خاطر خواہ بہتری نہ آنے کے باعث عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔
عامر تگرانی کے مطابق متاثرہ خاندانوں کی اکثریت کا تعلق غریب اور دیہاڑی دار طبقے سے ہے، جو مہنگے علاج کے اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بروقت طبی اقدامات نہ کیے گئے تو بیماری مزید پھیل کر ایک بڑے انسانی بحران کی شکل اختیار کرسکتی ہے۔
سول سوسائٹی نے ڈپٹی کمشنر کیچ اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے یو سی بالیچہ میں ماہر امراض جلد پر مشتمل فری میڈیکل کیمپ یا موبائل میڈیکل ٹیم بھیجی جائے تاکہ متاثرہ افراد کا معائنہ اور علاج ممکن بنایا جاسکے اور بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔
