کوئٹہ (نامہ نگار ) خضدار،ڈیرہ بگٹی قلات اور نوشکی میں 6افراد قتل ۔تفصیلات کے مطابق خضدار ارباب کمپلیکس کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک افراد کی شناخت شاہجہاں ولد عبداللہ پندرانی اور عبدالستار ولد نائب فتح محمد شاہوزئی کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں مزمل ہوٹل پر موجود تھے کہ گاڑی سوار حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کردی۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب آج صبح ڈیرہ بگٹی گیس کی تلاش و سروے سے وابستہ ایک کمپنی کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں کمپنی کے دو ملازمین ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
دونوں واقعات کے بعد متعلقہ علاقوں میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
علاوہ ازیں نوشکی بازار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے حاجی رشید مینگل کی دکان میں موجود طاوس خان بادینی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے دوران دکان میں موجود حاجی رشید مینگل کے فرزند غلام مرتضیٰ بھی گولیوں کی زد میں آکر زخمی ہوگئے۔
دونوں زخمیوں کو فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال نوشکی منتقل کیا گیا، جہاں طاوس خان بادینی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے، جبکہ غلام مرتضیٰ کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بازار میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
تاحال فائرنگ کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے ہیں، جبکہ نوشکی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرکے مزید تفتیش کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔
دریں اثناء قلات میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک عمر رسیدہ شخص کو قتل کرکے فرار ہوگئے ،تاہم واقعہ کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے ہیں ۔