مستونگ پولیس کی بڑی کارروائی، واپڈا تار چوری کرنے والا منظم گروہ گرفتار

 


مستونگ ( ہینڈ آوٹ  ) مستونگ پولیس نے ایک اہم اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے واپڈا کی تاریں چوری کرنے والے منظم گروہ کا سراغ لگا کر چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ بھاری مقدار میں چوری شدہ تاریں، ایک گاڑی اور ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایس پی مستونگ اللہ بخش بلوچ کی نگرانی میں ڈی ایس پی محمد رفیق حمزہ، ایس ایچ او سٹی عبدالروف اور اے ایس آئی شبیر احمد نے خفیہ اطلاع پر کلی ریکی کے علاقے میں کارروائی کی۔ اطلاع میں بتایا گیا تھا کہ واپڈا کی چوری شدہ تاروں کا ایک بڑا ذخیرہ علاقے میں موجود ہے اور ملزمان انہیں منتقل کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم متحرک ہوگئی اور مشتبہ مشکوک گاڑی کا تعاقب کی جو کلی ریکی میں خفیہ ٹھکانے تک پہنچ گئی جہاں چھاپہ مار کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں چوری شدہ واپڈا تاریں برآمد کر لی گئیں۔ پولیس نے موقع پر موجود چار ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ چوری کی وارداتوں میں استعمال ہونے والی ایک گاڑی اور موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان ایک منظم نیٹ ورک کے تحت مختلف علاقوں سے بجلی کی تاریں چوری کرکے فروخت کرتے تھے، جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچ رہا تھا اور بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی تھی۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کی نشاندہی پر نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایس پی مستونگ نے کارروائی میں حصہ لینے والی پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی جرائم پیشہ عنصر کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔
دوسری جانب علاقہ مکینوں نے مستونگ پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ واپڈا کی تاروں کی چوری کے واقعات سے نہ صرف بجلی کی ترسیل متاثر ہوتی تھی بلکہ عوام کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ شہریوں نے پولیس کی اس کامیابی کو جرائم کے خلاف جنگ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post