کوئٹہ ( نامہ نگار) سوراب ماراپ کے رہائشی دونوجوان سوراب ایف سی چوکی سے جبری لاپتہ ہوگئے ،ذرائع کے مطابق 26 سالہ تیمور ولد امام بخش اور31 سالہ مرتضی ولد یحیی ساکنان ماراپ سوراب 9 فروری کو سوداسلف لینے بعد سوراب شہر سے اپنے گھر جارہے تھے کہ 5 بجے شام ایف سی نے اپنے چوکی واقع آرسی ڈی روڈ سے انھیں حراست میں لیکر جبری لاپتہ کردیا ۔
دریں اثناء تربت کے علاقے سنگانی سر مومن محلہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان وقار احمد ولد میردوست چار ماہ بعد بحفاظت بازیاب ہوگئے۔ ان کی واپسی کی خبر پھیلتے ہی علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور اہل خانہ میں جشن کا سماں دیکھنے میں آیا۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی خصوصی ہدایات اور مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں نوجوان کی بازیابی ممکن ہوئی۔ لواحقین اور اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس پیش رفت کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

