وندر( بلوچستان ٹوڈے) وندر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں میراں پیر روڈ ٹی سی ایف اسکول کے قریب جھاڑیوں سے ایک بوری بند زندہ نومولود بچی برآمد ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، راہگیروں اور کرکٹ کھیلتے بچوں نے جھاڑیوں میں ایک مشکوک بوری دیکھ کر جب قریب جا کر معائنہ کیا تو اس میں ایک زندہ نومولود بچی موجود تھی۔
اطلاع ملتے ہی علاقہ مکین فوری طور پر موقع پر پہنچے اور بچی کو ریسکیو کرکے سول ہسپتال وندر منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے بچی کے زندہ ہونے کی تصدیق کی۔
اس افسوسناک واقعے نے پورے علاقے کو غم و غصے کی کیفیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ اطلاع ملنے پر جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنما فقیر سکندر علی انگاریہ اسپتال پہنچے، جہاں انہوں نے بچی کے کان میں آذان دی اور اپنی نگرانی میں قانونی تقاضے مکمل کروائے۔
ذرائع کے مطابق درجنوں افراد نے بچی کو گود لینے کی خواہش ظاہر کی، تاہم بعد ازاں پولیس کی موجودگی میں بچی کو ایک بے اولاد جوڑے کے حوالے کر دیا گیا۔ شہریوں نے اس بے حس شخص، جس نے معصوم بچی کو جھاڑیوں میں پھینک دیا تھا، کی فوری گرفتاری اور اسے عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
