کوئٹہ (ویب ڈیسک ) چیف آف سراوان، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور رکن بلوچستان اسمبلی نواب محمد اسلم خان رئیسانی بیرون ملک دورے کے بعد جمعہ کے روز کوئٹہ پہنچ گئے۔
کوئٹہ ایئرپورٹ پر نوابزادہ میر رئیس رئیسانی کی قیادت میں قبائلی عمائدین، سیاسی کارکنوں اور حامیوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ نواب محمد اسلم رئیسانی ایئرپورٹ سے سراوان ہاؤس روانہ ہوئے، جہاں ان کے اعزاز میں خصوصی ملاقاتوں کا اہتمام کیا گیا۔
سراوان ہاؤس پہنچنے پر نواب رئیسانی نے اپنے حلقہ انتخاب کے عوامی نمائندوں اور مستونگ انتظامیہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے علاقے کی مجموعی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق نواب محمد اسلم رئیسانی نے بلوچستان کی سیاسی صورتحال اور قبائلی امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ وہ آج سے سراوان ہاؤس میں اپنی سیاسی سرگرمیوں اور قبائلی ذمہ داریوں کا باقاعدہ آغاز کریں گے، جہاں وہ حلقے کے عوام سے ملاقاتیں بھی کریں گے
