کابل ( ویب ڈیسک )افغابستان اتوار اور پیر کی درمیانی شب شمالی افغانستان میں آنے والے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہو گئی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، زلزلے سے بلخ اور سمنگان صوبے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
طالبان حکومت کی وزارت صحت کے ترجمان شرافت زمان عمار نے بتایا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد ہلاک اور 320 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
اس سے قبل مقامی حکام نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
طالبان حکومت کے زیر انتظام صوبہ بلخ میں پولیس ہیڈ کوارٹر کے ترجمان حافظ محمد عیسیٰ واثق نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ زلزلہ اتنا طاقتور تھا کہ صوبے میں کم از کم ’چار افراد ہلاک‘ اور 120 دیگر زخمی ہوئے۔
میڈیا کو بھیجے گئے ایک بیان میں سمنگان کے صوبائی پولیس ہیڈکوارٹر کے ترجمان حشمت اللہ رحمانی کا کہنا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں صوبے میں نو افراد ہلاک اور 200 زخمی ہوئے ہیں۔
حشمت اللہ رحمانی کے مطابق، زلزلے کے باعث درجنوں مکانات بھی منہدم ہو گئے ہیں جن میں سے بیشتر ضلع خلم میں واقع ہیں زلزلے سے صوبہ قندوز میں بھی جانی اور مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق، زلزلے کی شدت 6.3 تھی اور اس کی گہرائی 28 کلومیٹر (17 میل) تھی۔ ادارے نے خبردار کیا تھا کہ زلزلے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں اور تباہی کا خدشہ ہے۔
