سوڈان کے شہر الفاشر میں خونریز جھڑپیں، ہلاکتیں 1500 سے تجاوز کر گئیں ۔

 


سوڈان (ویب ڈیسک ) غیر ملکی ذرائع کے مطابق سوڈان کے دارفر علاقے کے مرکزی شہر الفاشر میں حکومتی فوج اور باغی پیرا ملٹری فورس آر ایس ایف کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں، جن میں اب تک 1500 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔
رپورٹس کے مطابق آر ایس ایف فورسز نے چند روز قبل الفاشر شہر پر قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد بڑے پیمانے پر قتل عام اور تباہی کا سلسلہ شروع ہوا شہری آبادی پر فائرنگ لوٹ مار اور گھروں کو نذر آتش کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔
اقوام متحدہ اور مقامی ذرائع کے مطابق دو لاکھ سے زائد افراد شہر سے نقل مکانی کر چکے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد اب بھی محصور ہیں اور امدادی سامان کی فراہمی بند ہے ۔
شمالی دارفر ریاست میں اس وقت بھی شدید لڑائی جاری ہے ماہرین کے مطابق سوڈانی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان اقتدار کی کشمکش 2023ء سے جاری ہے، جس میں اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں بے گھر ہو گئے ہیں ۔
سیاسی و عسکری ماہرین کے مطابق سوڈان میں جاری خانہ جنگی دراصل وسائل، نسلی اختلافات اور بیرونی طاقتوں کی مداخلت کا امتزاج ہے دارفر کے علاقے میں معدنی دولت اور تیل کے ذخائر کی موجودگی نے اس تصادم کو مزید گہرا کر دیا ہے ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی برادری نے فوری اور مؤثر مداخلت نہ کی تو الفاشر ایک بڑے انسانی المیے میں تبدیل ہو سکتا ہے ۔

Post a Comment

Previous Post Next Post