جھالاوان میں ایک بار پھر ماضی خصوصاً 2012 اور 2013 کی ہولناک تاریخ کو دہرایا جا رہا ہے،میر جہانزیب مینگل

 


کوئٹہ (بلوچستان ٹوڈے)بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سینئر رہنما، رکن صوبائی اسمبلی اور قبائلی رہنما میر جہانزیب مینگل نے اپنے ایک بیان میں بی این پی زیدی خضدار کے سینئر رہنما ڈاکٹر عبد المجید مینگل کے بہیمانہ قتل پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبد المجید مینگل کو بے دردی سے قتل کر کے ان کی لاش کو ویرانے میں پھینک دینا ایک انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعہ ہے۔
جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ایک بار پھر سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو ٹارگٹ بنایا جا رہا ہے شہید ڈاکٹر عبد المجید مینگل پارٹی کے ایک مخلص، نڈر اور نظریاتی کارکن تھے، جو ہر کٹھن وقت میں پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل اور کارکنان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔
ان کی جمہوریت، قومی حقوق اور بلوچ عوام کی آزادی کے لیے مسلسل جدوجہد دشمن عناصر کو کبھی ہضم نہ ہوئی، اسی لیے ان کی زندگی کا چراغ بے دردی سے گل کر دیا گیا۔

میر جہانزیب مینگل نے کہا کہ آج جھالاوان میں ایک بار پھر ماضی — خصوصاً 2012 اور 2013 — کی ہولناک تاریخ کو دہرایا جا رہا ہے، جب سینکڑوں سیاسی کارکن، طلباء، قوم پرست شخصیات اور معزز شہریوں کو لاپتہ کر کے یا ٹارگٹ کر کے شہید کیا گیا۔ ان واقعات کی ایک کڑی کے طور پر وڈیرہ غلام سرور موسیانی، سردار زادہ کامران جتک جیسے نڈر رہنماؤں کو بھی شہید کیا گیا، مگر افسوس کہ آج تک کسی ایک بھی قاتل کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جھالاوان کے امن کو ایک منظم سازش کے تحت سبوتاژ کیا جا رہا ہے، جو کہ نہ صرف افسوسناک بلکہ پورے خطے کے لیے خطرناک ہے۔ اس صورتِ حال پر حکومت اور ریاستی اداروں کی خاموشی لمحۂ فکریہ ہے۔

میر جہانزیب مینگل نے مطالبہ کیا کہ حکومتِ وقت اور ضلعی انتظامیہ خضدار فوری طور پر اعلیٰ سطحی جوڈیشل انکوائری کمیٹی قائم کرے ڈاکٹر عبد المجید مینگل کے قاتلوں کو گرفتار کر کے نشانِ عبرت بنایا جائے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے۔

آخر میں انہوں نے شہید ڈاکٹر عبد المجید مینگل کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ ہم اس غم کی گھڑی میں ان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں

Post a Comment

Previous Post Next Post