کوئٹہ میں گرینڈ الائنس کے احتجاج پر پولیس شیلنگ، صحافیوں پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں، بی یو جے

 


کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) کوئٹہ میں گرینڈ الائنس کی کوریج کے دوران صحافیوں پر پولیس تشدد، بی یوجے کی شدید مذمت۔ پولیس تشدد سے سنو ٹی وی کے کیمرہ مین سمیت متعدد میڈیا ورکرز زخمی ہوگئے۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) نے کوئٹہ میں گرینڈ الائنس کے احتجاج کی کوریج کے دوران صحافیوں پر پولیس تشدد اورانہیں زخمی کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ گرینڈ الائنس کی کوریج کے دوران پولیس نے صحافیوں کو کوریج سے روک کر ان پر لاٹھی چارج کیا جس سے سنو ٹی وی کے کیمرہ مین محمد یاسین بلوچ سمیت متعدد دیگر میڈیا ورکرززخمی ہوئے۔ پولیس اہلکاروں نے سنو ٹی وی کے رپورٹر فضل تواب سمیت دیگر صحافیوں کو زودوکوب بھی کیا اور انہیں کوریج سے روک کر موبائل اور دیگر سامان چھیننے کی کوشش کی۔ صدر بی یوجے خلیل احمد اور جنرل سیکرٹری عبدالغنی کاکڑ نے صحافیوں پر تشدد کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کوئٹہ پولیس نے اختیارات سے تجاوز کرکے نہ صرف قواعدو ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کی ہے بلکہ پولیس کا یہ رویہ آزاد صحافت کو دبانے کی ایک مذموم کوشش بھی ہے جسے کسی بھی طور پر برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ بی یوجے نے صحافیوں کو کوریج سے روکنے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کا بھی اعلان کیا ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post