ضلع جھل مگسی کے شہر گنداواہ میں آئی ای ڈی دھماکہ ہوا ہے۔
ایس پی جھل مگسی کے مطابق دھماکہ سڑک کنارے روڈ پر نصب کیا گیا تھا، جہاں ایک تعمیراتی کمپنی ہے۔
دھماکے کے بعد مقامی انتظامیہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ فورسز نے علاقے کا گھیراؤں کرکے سخت چیکنگ شروع کردی ہے ۔
حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔
دوسری جانب بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے میڈیا کو جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ سرمچاروں نے گذشتہ روز مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں بلوچستان ہوٹل کے قریب سیندک پروجیکٹ کیلئے سامان لے جانے والے جنریٹر ٹرکوں پر حملہ کر کے ٹرکوں اور ان میں لدے سامان کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح ایک اور کارروائی میں جھاؤ کے علاقہ زیلگ میں پاکستانی فورسز کی چیک پوسٹ پر سنائپر حملہ کر کے دشمن فورسز کے ایک اہلکار کو ہلاک کر دیا۔
میجر گہرام بلوچ نے مند میں پاکستانی فورسز پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان لبریشن فرنٹ کے سرمچاروں نے 18 جون کی رات کیچ کے علاقے مند گوک میں قائم قابض پاکستانی فورسز کی چوکی کو راکٹ لانچر اور دیگر بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔
ترجمان نے کہا کہ سرمچاروں نے انتہائی قریب سے دشمن فورسز کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، جس کے باعث چوکی میں موجود فوجی اہلکاروں کی آہ و زاری کی آوازیں سنی گئیں۔ حملے میں دشمن فورسز کے دو اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔