بلوچستان مختلف واقعات میں 7 افراد قتل، 3 زخمی، ایک لاش برآمد

 



کوئٹہ ( مانیٹرنگ ڈیسک ) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں فائرنگ اور دیگر پرتشدد واقعات کے دوران خاتون سمیت 6 افراد جانبحق اور 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ لاش برآمد ہوئی ہے۔


بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے معروف اسلحہ ڈیلر عاقب شکاری جان کی بازی ہار گئے۔


واقعہ کیچ کے علاقے "کور پل" کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار نامعلوم حملہ آوروں نے عاقب شکاری کو نشانہ بنایا۔


عینی شاہدین کے مطابق مقتول اپنے گھر سے بازار کی طرف روانہ ہو رہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے بیٹھے حملہ آوروں نے اُن پر تین فائر کیے، جو اُن کے جسم کے مختلف حصوں پر لگے۔


فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ شدید زخمی حالت میں عاقب شکاری کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور دورانِ علاج دم توڑ گئے۔


حملے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں اور نہ ہی کسی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی ۔


علاوہ ازیں خضدار کی تحصیل وڈھ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں خاتون سمیت دو افراد جانبحق ہو گئے، مقامی انتظامیہ نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔


خضدار ہی کے علاقے پیر ابراہیم میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے گلزار ساسولی اور حامد بھوتانی نامی دو افراد قتل کردئے گئے۔


اس طرح خضدار کی تحصیل زہری کے علاقے نورگامہ گیٹ وے کے قریب سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگی ہوئی تھیں، پولیس نے لاش کو اسپتال منتقل کر دیا تاہم تاحال اس کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔


ادھر مستونگ کے علاقے سنگر میں بھی نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے منیر احمد ولد خدابخش کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔


لیویز نے لاش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔


ادھر پنجگور کے علاقے غریب آباد میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس ہیڈ کانسٹیبل شدید زخمی ہو گیا۔


قلعہ عبداللہ میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری عنایت اللہ اچکزئی کے دو بھائیوں عصمت اللہ خان اور شمس اللہ خان کو زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔


دریں اثنا پسنی کے علاقے ببرشور وارڈ نمبر 1 میں ایک شخص نے خودکشی کر لی پولیس نے لاش کو آر ایچ سی (رورل ہیلتھ سینٹر) منتقل کر دیا تاہم اس کی بھی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post