شال (ویب ڈیسک) بلوچستان میں تحفظ بلوچ ناموس لانگ مارچ کو محاصرہ میں لینے کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی بی این پی کے سربراہ سرداراخترجان مینگل کی کال پر شال، تربت، پنجگور ، دالبندین ، خاران ، خضدار ، سوراب ، قلات ، مستونگ ، وڈھ سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں شٹرڈاؤن ہڑتال جاری، تمام کاروباری مراکز بند ، ہڑتال کے باعث شہر اور نواحی علاقوں میں کاروبار مکمل بند جب کہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے۔
ہڑتال کی وجہ سے بلوچستان بھر میں تمام چھوٹے بڑے مارکیٹس اور ہوٹل و ریسٹورنٹ بند ہیں اس کے ساتھ پٹرول پمپس اور شاپنگ مال بھی بند کردیے گئے ہیں۔
بی این پی کی جانب سے شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال سردار اختر مینگل نے کل دی تھی جس کی بلوچ یکجہتی کمیٹی سمیت انجمن تاجران سول سوسائٹی، وکلا تنظیموں سمیت دیگر سیاسی سماجی تنظیموں نے حمایت کا اعلان کیاہے۔ ۔بی این پی کی کال پر آج مکران بھر میں عدالتیں بھی بار ایسوسی ایشنز کے احتجاج کے باعث بند ہیں، وکلا نے کال کی حمایت کرتے ہوئے آج عدالتی کارروائیوں میں شامل نہ ہونے کا اعلان کررکھا ہے۔
تازہ ترین اطلاعات ہیں کہ خضدار وڈھ میں مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ سے چار افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔