قلات ( مانیٹرنگ ڈیسک ) قلات پوسٹ گریجویٹ کالج قلات میں لیکچرار کی کمی، کتب، انٹرنیٹ و دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اور نااہل پرنسپل کے خلاف طلباء و طالبات سراپا احتجاج ہیں طلباء و طالبات نے احتجاجاً شال کراچی شاہراہ بند کر کے روڈ پر دھرنا دے دیا ۔
طلباء نے میڈیا کو اپنے مطالبات بتاتے ہوئے کہا کہ قانونی طور پر ایک پرنسپل کا دورانیہ 3 سال ہوتا ہے، مگر موجودہ پرنسپل ڈگری کالج قلات کا سات سال سے یہاں ٹکے رہنا سمجھ سے بالا تر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ پرنسپل کا تبادلہ کیا جائے جو کہ کالج کے تمام مسائل کا زمہ دار ہیں۔
مظاہرین طلباء کا کہنا ہے کہ بی ایس پروگرام کیلئے پینتیس (36) کے قریب لیکچرر کی کمی نا اہل کالج انتظامیہ کے منہ پر زوردار تمانچہ ہے۔ طلبہ نے لیکچرارزکی تعیناتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قرب و جوار سے کالج کے اندر مزید لیکچرر تعینات کئے جائے تاکہ انکے کلاسز باقاعدگی سے ہوتے رہیں ۔
طلباء و طالبات نے کہا کہ انہوں نے مختلف قانونی راستے اپنائے، کالج کے دیرینہ مسائل کو سیکرٹری ایجوکیشن، ایجوکیشن منسٹر، ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے بہرے کانوں تک پہنچانے کی کوشش بھی کرتے رہے مگر کسی کے کان پر جو تک نہیں رینگی۔
طلبہ نے کالج انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ انکے کالج میں نئے لیکچرر کی تعیناتی، پرنسپل کی تبادلے کو یقینی بنایا جائے وگرنہ ار سی ڈی روڑ قلات کو کسی بھی ٹریفک کیلئے کھولا نہیں جائے گا۔