انسانی حقوق کے چیئرپرسن اسد اقبال کراچی میں گرفتار، بلوچ لاپتہ افراد کے مسئلے سے دور رہنے کا انتباہ کرکے چھوڑدیا



 کراچی  انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کے چیئرپرسن اسد اقبال بٹ کو کراچی سے گلبرگ تھانہ پولیس نے حراست میں لے لیا۔ 

ایچ آر سی پی نے اس حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کراچی پولیس نے انکے تنظیم کے چیئرپرسن کو بناء کسی وجوہات کے تحویل میں لیکر گھنٹوں حراست میں رکھا، پولیس کے ایسے اقدامات پاکستان میں انسانی حقوق کے کارکنان کو ہراساں کرنے اور خاموش کرنے کی کوشش ہے-

بی بی سی اردو کے صحافی ریاض سہیل کے مطابق اسد بٹ سے پولیس نے بلوچستان مسئلے پر تحقیقات کے بعد انہیں رہا کردیا ہے تاہم انکی گرفتاری کی وجوہات پولیس کی جانب سے میڈیا کو فراہم نہیں کئے گئے ہیں-

اسد بٹ کا کہنا ہے کہ مجھ سے بلوچ مسنگ پرسنز پر سوالات کیے اور ان سے دور رہنے کا کہا گیا ۔

برطانوی خبرساں ادارے بی بی سی کے مطابق ایس ایس پی کراچی وسطی ذیشان صدیقی نے بی بی سی کو اس حوالے بتایا ہے کہ اسد بٹ کو حراست میں نہیں لیا گیا بلکہ انھیں ڈی ایس پی کے دفتر میں پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا ہے۔

ایس ایس پی کے مطابق بلوچستان اور ریلیوں میں شرکت کے حوالے سے کچھ انٹلی جنس رپورٹس اس بارے میں ان سے پوچھ گچھ ہورہی ہے۔

بی بی سی اردو کے مطابق پولیس کے ہاتھوں گرفتاری بعد ازاں رہائی کے بعد پاکستان ہیومین رائٹس کمیشن کے چئیرپرسن اسد بٹ نے بی بی سی سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان سے بلوچ مسنگ پرسنز پر سولات کیے گئے اور ان سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا۔

ان کے مطابق انھوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ اس مسئلے سے دور نہیں رہ سکتے۔

ان کے مطابق ان سے پوچھا گیا کہ آپ شال گئے تھے تو انھوں نے بتایا کہ گذشتہ آٹھ سالوں میں وہ وہاں نہیں جاسکے ۔ اسد بٹ کے مطابق اب پولیس کہتی ہے کہ ’وہ غلطی ہوگئی معذرت پولیس نے پوچھ گچھ کے بعد اسد بٹ کو رہا کر دیا۔

ایچ آر سی پی پاکستان میں جبری گمشدگیوں کے معاملے پر ریاستی پالیسیوں پر سوالات اٹھاتا آ رہا ہے جبکہ اسد بٹ اس سے قبل کراچی میں بلوچ لاپتہ افراد کے لئے منعقد مظاہروں اور جلسوں میں شریک ہوتے رہے ہیں-

دوسری جانب بلوچ سیاسی و سماجی حلقوں نے کراچی پولیس کی جانب سے اسد اقبال بٹ کو گرفتار کرنے اور بلوچ مسئلے پر خاموشی اختیار کرنے کے تنبیاء کو غیر قانونی عمل قرار دیتے ہوئے اسکی مذمت کی ہے-

پاکستان ہیومین رائٹس کمیشن نے تنظیم کے چئیرپرسن کی گرفتاری کے حوالے سے کہا ہے کہ اسد بٹ کی گرفتاری پاکستان میں جاری انسانی حقوق کے خلاف ورزیوں پر آواز کو دبانے کی کوشش ہے-

آپ بھی جانتے ہیں کہ  بلوچستان میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے راجی مچی جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں صوبائی اور وفاقی حکومت کی جانب سے رکاوٹیں ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے ابتک بلوچستان سمیت کراچی سے متعدد ایسے افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو اس سلسلے میں چندہ یا کیمپئن مہم چلا رہے ہیں-


Post a Comment

Previous Post Next Post