کوئٹہ جبری لاپتہ سیف اللہ رودینی کی بہن فرزانہ رودینی نے ایکس پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے سوشل میڈیا ایکٹوسٹوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 22 نومبر 2023 کو ایکس مہم میں شامل ہوکر میرے بھائی کی بازیابی کے لئے آواز اٹھائیں
انہوں نے کہا ہے کہ میرے بھائی کو 22 نومبر 2013 کو جبری لاپتہ کیا گیا تھا اس 22 نومبر کو اس کی جبری گمشدگی کو 10 سال مکمل ہورہے ہیں، یہ 10 سال ہم پر قیامت بن کر گزرے ہیں، میری والدہ اور میرے والد بیٹے کی جدائی کو برداشت نہ کرتے ہوئے اس فانی دنیا سے رخصت کرگئے۔ بھائی کی طویل جبری گمشدگی اور والدین کی وفات کے بعد ہم بہن، بھائی بھی سخت اذیت سے دو چار ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ 22 نومبر 2023 کو ہم بلوچ وائس فار جسٹس کے ساتھ ملکر بھائی کی بازیابی کے لئے ایکس پر ایک مشترکہ کمپین چلائیں گے۔ ہم تمام بلوچ سوشل میڈیا ایکٹوسٹوں سمیت دیگر تمام انسانی حقوق کے علمبرداروں، سیاسی و سماجی کارکنوں، صحافی و وکلاء برادری سمیت زندگی کے دیگر تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کرتی ہیں کہ وہ ہماری آواز بنیں اور سیف اللہ رودینی کی بازیابی کے لئے آواز اٹھائیں اور ہمیں اس طویل انتظار، درد و ازیت سے نجات دلانے کے لئے ہماری مدد کریں۔