گوادر بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن بی ایس او گوادر زون کا جنرل باڈی اجلاس زیرصدارت زونل صدر ابوبکر کلانچی منعقد ہوا جس کے مہمان خاص بی ایس او کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین اشرف بلوچ تھے۔
اجلاس شہداء بلوچستان کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی سے شروع ہوا۔ جس میں علاقائی سیاسی صورتحال، سیکرٹری رپورٹ، تنقیدی نشت اور آئندہ کے لائحہ عمل کے ایجنڈے زیربحث رہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بی ایس او کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین اشرف بلوچ نے کہا کہ موجودہ دور میں بلوچ طلباء و قومی سیاست کو مخلتف اور شدید نوعیت کے چیلجز درپیش ہیں۔ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں تعلیم دشمن قوتیں مختلف حیلے بہانوں سے بلوچ طلباء کو تعلیم سے دور رکھنے کی کوشش کررہے ہیں اور مظلوم قوموں کو آپس میں دست و گریباں کررہے ہیں۔
انہوں نے گزشتہ دنوں محمود خان اچکزئی کی جانب سے بلوچستان کو تقسیم کرنے والے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ سرزمین کا مالک صرف اور صرف بلوچ ہیں، اور بلوچ قوم نے اس زمین کی تحفظ کے لیے بے شمار جانوں اور قربانیوں کا نذرانہ پیش کیاہے اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
ہمیں بحیثیت بلوچ طلباء اور قوم کے مستقبل ہمیں ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بحیثیت نوجوان ان کا نہ صرف ادراک ہونا چاہیے ، بلکہ مستقبل کے لیے حکمت عملی بھی بنانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی ایس او کے دوستوں نے ہمیشہ مادر وطن کی تحفظ اور بلوچ کے حق خود داریت کے لیے ہرشکل میں قربانیاں دی ہیں۔
اجلاس میں اتفاق رائے سے موجودہ زونل کابینہ کو مدت پورا ہونے پر تحلیل کردیا گیا اور مرکزی سینئر وائس چیئرمین اشرف بلوچ کی سربراہی میں تین رکنی الیکشن کمیٹی قائم کی گئی۔
نئے زونل کابینہ میں اکثریتی رائے سے ساقا اقبال کو صدر، سنگت سنیل بلوچ سینئر نائب صدر، سنج بلوچ جونیئر نائب صدر، ولید رمضان بلوچ جنرل سیکرٹری، وسیم بلوچ سینئر جوائنٹ سیکرٹری، حسیب سہرابی بلوچ جونیئر جوائنٹ سیکرٹری اور رضوانہ بلوچ انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہوگئے۔
نئے کابینہ کی تقریب حلف برداری کل سید ہاشمی ڈگری کالج گوادر میں بی ایس او گوادر زون کی جانب سے شہید حبیب جالب کی یاد میں منعقدہ سیمینار میں ہوگی۔